اگر بیوی کہے گی تو اس کے جوتے بھی اٹھا سکتا ہوں، شہروز سبزواری

اداکار شہروز سبزواری نے کہا کہ بطور شوہر وہ اپنی بیوی کے کہنے پر ایک نہیں بلکہ چار بار بھی انہیں جوتے اٹھا کر دیں گے.

شہروز سبزواری نے اہلیہ صدف کنول کے ہمراہ حال ہی میں احسن خان کے شو ‘ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ میں شرکت کی، جہاں دونوں نے پیشہ ورانہ زندگی سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر باتیں کی۔

دونوں نے حال ہی میں صدف کنول کی جانب سے ‘شوہر کے جوتے اٹھانے’ سے متعلق دیے گئے بیان پر بھی وضاحت کی اور یہ بھی بتایا کہ کس طرح پہلی بار ان کی حادثاتی ملاقات ہوئی اور پھر دونوں نے درمیان پیار کا جذبہ جاگ اٹھا۔

دونوں نے بتایا کہ پہلی بار وہ ناروے میں ہونے والے ہم اسٹائل ایوارڈز کی ریہرسل کے دوران ملے اور پھر پرفارمنس کے بعد ان میں گہری دوستی ہوگئی، جو بعد میں محبت اور رشتہ ازدواج میں تبدیل ہوگئی۔

شہروز سبزواری نے بتایا کہ مذکورہ شو میں صدف کنول کو احسن خان کے ساتھ پرفارمنس کرنی تھی مگر وہ شو میں شریک نہ ہوئے، جس کی وجہ سے انتظامیہ کو شیڈول تبدیل کرنا پڑا۔

دونوں نے بتایا کہ احسن خان کے نہ آنے کی وجہ سے ہی انہیں ایک ساتھ پرفارمنس کرنی پڑی اور پھر ان کے درمیان جذبہ پیدا ہوا جو آخر رشتے میں تبدیل ہوگیا۔

شہروز سبزواری اور صدف کنول نے اس دوران میزبان احسن خان کا شکریہ بھی ادا کیا کہ ان کے ایوارڈز شو میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے وہ ایک دوسرے کے ساتھ بنے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں