انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کاجھگڑا،15طلبہ فارغ

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان جھگڑے میں شامل 15 طلبہ کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا۔

یونیورسٹی ترجمان نےبتایا کہ اسٹوڈنٹ ڈسپلن کمیٹی کی سفارشات پرطلبہ کو فارغ کیا گیا۔اسٹوڈنٹ ڈسپلن کمیٹی نے طلبہ کو شوکاز نوٹس جاری کیے تھے۔

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں جھگڑے میں شامل طلبہ کویونیورسٹی سے نکالنےکے احکامات جاری کئےگئےہیں۔

طلبہ کے ہجوم میں شامل 3 طلبہ کو5 ہزار روپے جرمانہ اور ایک کو سمسٹرفیل کردیاگیا۔

واضح رہے کہ 3 جنوری کو اسلامک یونی ورسٹی میں امن واک کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران دوسری تنظیم کی جانب سے طلبہ پر حملہ کیا گیا جس میں ڈنڈے اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔

ریکٹر اسلامک یونی ورسٹی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جھگڑے کے دوران طلبہ نے شدید نعرے بازی اور پتھراؤ کیا جبکہ ایڈمن بلاک میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔

انھوں نے مزید بتایا تھا کہ پچھلے ماہ قائداعظم یونی ورسٹی میں جو لڑائی ہوئی تھی، اسلامک یونی ورسٹی کا یہ جھگڑا اس لڑائی کا تسلسل ہی تھا۔ پولیس اور یونی ورسٹی انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرکے طلبہ کو منتشر کردیا تھا۔

انھوں نے یقین دلایا تھا کہ جن طلبہ نے یونی ورسٹی کا ماحول خراب کیا، ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ ریکٹر نے یونی ورسٹی میں سیاست کی اجازت نہ دینے پر بھی زور دیا.

اپنا تبصرہ بھیجیں