انٹرسروسز ہاکی چیمپین شپ: پاکستان آرمی نے ایئر فورس کو بھاری مارجن سے شکست دے دی

پاکستان آرمی کی فتوحات کاسلسلہ جاری،ایئرفورس کوبڑے مارجن سے شکست دیدی، پاکستان آرمی نے ایئر فورس کو 1-6 گول سے شکست دیکر پول میچز میں 6 پوائینٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن قائم کرلی، آج کے میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ برگیڈیئر ظہیر اختر تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کی زیرنگرانی پاکستان ایئر فورس سپورٹس کنٹرول کمیٹی کے زیراہتمام پی اے ایف بیس پشاور میں انٹرسروسز ہاکی چیمپین شپ کے تیسرے میچ میں پاکستان آرمی نے میزبان ٹیم پاکستان ایئر فورس کو ایک بڑے مارجن سے شکست دیدی۔ پاکستان آرمی نے ایئر فورس کو یکے بعد دیگرے چھ گول داغ ڈالے جبکہ ایئرفورس کی ٹیم ایک گول سکور کرسکی۔

پاکستان آرمی کی جانب سے کھیل کے دوسرے منٹ میں شاہد علی نے فیلڈ گول سکور کرکے اپنی ٹیم کی جانب سے فتح کی جانب پیش قدمی کی۔ کھیل کے 5ویں منٹ میں آرمی کے راؤ فرحان نے فیلڈ گول کے ذریعہ اس برتری کو مستحکم بنایا۔ کھیل کے 14ویں منٹ میں آرمی کے محمد وقاص نے پینلٹی سٹروک پر گول سکور کرکے آرمی کی جانب سے تیسرا گول سکور کیا۔

آرمی کی جانب سے چوتھا گول کھیل کے 28ویں منٹ میں محمد عماد نے پینلٹی سٹروک پر گول سکور کرکے کیا۔کھیل کے 45ویں منٹ میں پی اے ایف کے کھلاڑی وقاص نے فیلڈ گول سکور کرکے اپنی ٹیم کے گول خسارے کو کم کیا لیکن کھیل کے 48ویں منٹ میں آرمی کے کھلاڑی احمد علی نے فیلڈ گول سکور کرکے آرمی کے گول مارجن میں مزید اضافہ کیا۔

کھیل کے 59ویں منٹ میں پاکستان آرمی کی جانب سے چھٹا گول پینلٹی کارنر کے ذریعہ ڈریگ فلک کرکے عامر سہیل نے سکور کیا۔ اس میچ کو ایمپائرز حافظ عاطف ملک انٹرنیشنل اور یاسر خورشید انٹرنیشنل نے سپروائز کیا جبکہ سبطین رضا ریزرو ایمپائر تھے۔ ججز کے فرائض سید علی عباس اور حمزہ طفیل نے سرانجام دیئے جبکہ رانا ساجد نے ٹیکنیکل آفیسر کے فرائض نبھائے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سید محمد ظاہر شاہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ سابق انٹرنیشنل ہاکی ایمپائر سید ذوالفقار شاہ بطور ایمپائرز مینجر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

آج کے میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ برگیڈیئر ظہیر اختر تھے۔  معزز مہمان خصوصی کا سٹیڈیم آمد پر شایان شان استقبال کیا گیا اور انکو کھلاڑیوں اور آفیشلز سے متعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس پاکستان ایئر فورس سپورٹس کنٹرول کمیٹی گروپ کیپٹن احمد سعید قاضی اور ضیاء بنوری بھی انکے ہمراہ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں