پاکستان کے معروف اداکارعمرشریف کی میت جلد از جلد وطن واپس لانے پرمشاورت جاری ہے۔
وفاقی وزیر سید امین الحق نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے عمر شریف کی میت کو وطن واپس لانے کے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔
سید امین الحق نے جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمدفیصل سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے ڈاکٹر محمد فیصل کو ہدایت کی ہے کہ عمر شریف کی فیملی سے ہر ممکن تعاون کیا جائے۔
عمر شریف کی اہلیہ نے کہا ہے کہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں دفن ہونا ان کے مرحوم شوہر کی خواہش تھی اور سندھ حکومت کی جانب سے ان کی خواہش کا احترام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں مولانا تقی عثمانی صاحب سے درخواست کی ہے کہ وہ عمر شریف کی نماز جنازہ پڑھائیں۔
عمر شریف کو علاج کی غرض سے 28 ستمبر کو پاکستان سے براستہ جرمنی امریکہ منتقل کیا جا رہا تھا تاہم ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق جرمنی میں عارضی قیام کے دوران ہی ان کی طبعیت مزید بگڑی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔
عمر شریف چار دن سے زیر علاج تھے۔ انھیں نمونیا اور بخار تھا۔ ذرائع کے کہنا ہے کہ جرمنی میں ڈائیلیسز کے دوران عمر شریف کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ خالق حقیقی سے جاملے۔