امریکہ کو سمجھنا چاہیے بھارت بھروسے مند ساتھی نہیں ہے، رحمن ملک

سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ بھارت ایک بھروسے مند ساتھی نہیں ہے یہ امریکہ کو سمجھنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ففتھ جنریشن وار جاری رہے گی ، ہمیں خیال رکھنا چاہیے بھارت سی پیک میں بھی مداخلت کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیوار پر لکھا ہوا تھا کہ افغان طالبان آرہے ہیں ، اچھی بات یہ ہوئی کے اشرف غنی مستعفی ہوگئے اور طالبان اپنی حکومت بنائیں گے ، جو نئی حکومت آئے گی وہ سمجھے گی کے پاکستان نے افغانستان کی کتنی مدد کی ، پہلے کہہ چکا ہوں کے بھارت دہشت گردوں کو ٹرین کرے گا۔

رحمن ملک نے کہا کہ پاکستان نے ہی اس امن کے معاہدے کو آگے لے جانے میں مدد کی ، حکومت کو چاہیے کے چھ مہینے میں کشمیر اور بھارت دونوں پر اپنی پالیسی کو واضح کرے ، مودی کے لیے ایک سبق ہے کہ کسی کو اتنا مجبور نا کریں کے وہ اٹھ کر جواب دے۔

سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ آج ہم آئسولیٹڈ ہیں ، میں تنقید نہیں کررہا ، پاکستان نے خود اپنی حفاظت کرنی ہے ، ہمارا دشمن انڈیا ہے اور اس نے ہر کوشش کی ہے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ، پاکستان میں ہوسکتا ہے کہ وقت سے پہلے ہی الیکشن ہوجائیں ، تقریروں سے ایسا لگتا ہے کہ حکومت پہلے ہی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں