افغانستان: طالبان کی گھر گھر جاکر شہریوں کو ملازمتوں پر جانے کی ہدایت

افغانستان میں طالبان کی جانب سے شہریوں کو ملازمتوں پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق کابل پر کنٹرول کے بعد افغان طالبان نے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب طالبان نے گھر گھر دستک دے کر غیر یقینی صورتحال سے پریشان شہریوں کو اپنے اپنے کاموں پر جانے کی ہدایات دینا شروع کردی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق ہیرات کی رہائشی خاتون نے بتایا کہ ان کے گھر تین مسلح طالبان جنگجوؤں نے دستک دی اور ان سے ذاتی معلومات لیں جس میں ان کی ملازمت، ادارے اور تنخواہ کے بارے میں پوچھا گیا جس کے بعد انہیں ملازمت پر جانے کی ہدایت کی گئی۔

رائٹرز کے مطابق متعدد شہریوں کا کہنا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں طالبان نمائندوں نے ان کے گھروں کا غیر اعلانیہ دورہ کیا جس میں کابل، لشکر گاہ اور مزار شریف شہر میں بھی لوگوں کے گھروں کا دورہ کیا گیا جس میں طالبان نے شہریوں کو ملازمتوں پر واپس جانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی ۔

رائٹرز کا کہنا ہےکہ اس سلسلے میں طالبان ترجمان کی جانب سے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں