“احساس کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام میں توسیع ، وزیراعظم کی مستحق افراد کو بہترین کھانا فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ “احساس کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کے تحت غریب افراد کو بہترین کھانا فراہم کیا جائے، کھانے کے معیار کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے۔

پروگرام کے دائرہ کار کو توسیع دینے کے موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کے تحت فی الوقت 5 شہروں میں کھانا بردار ٹرکوں کے ذریعے کھانا تقسیم کیا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے ملتان، گوجرانوالہ اور لاہور کیلئے 4 نئے کھانا بردار ٹرکوں کا افتتاح کیا، جس کے بعد اب 7 شہروں میں 16 ٹرکوں کے ذریعے کھانے کی تقسیم ہوگی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اکتوبر سے 29 شہروں میں 40 ٹرکوں کے ذریعے پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔ ملک گیر وسعت کے بعد روزانہ 40 ہزار افراد اور سالانہ 14 لاکھ 60 ہزار افراد کو کھانا پہنچایا جائے گا۔ ”احساس کوئی بھوکا نہ سوئے” اقدام کے ذریعے مزدوروں میں کھانا مفت تقسیم کیا جاتا ہے۔

اب تک 5 شہروں میں 8 لاکھ 31 ہزار سے زائد مزدوروں کو کھانا پہنچایا جا چکا ہے۔ اس سال کے آغاز پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔ احساس کوئی بھوکا نہ سوئے اقدام وزیراعظم کے اسی عزم کو عملی جامہ پہنانے کی کڑی ہے۔ مخیر حضرات وفلاحی اداروں کو اقدام میں شامل کرنے کیلئے احساس کوئی بھوکا نہ سوئے عطیات فنڈ بھی قائم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں