آسٹریلیا کےکون سےگراؤنڈ ٹی20ورلڈکپ کی میزبانی کرینگے،اعلان ہوگیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈکپ 2022 کے وینیوز کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ 2021 کا فاتح آسٹریلیا 2022 کے ورلڈکپ کی میزبانی کے فرائض سر انجام دے گا، آسٹریلیا کے 7 شہروں میں ٹی20 ورلڈکپ کے میچز ہونگے۔

آسٹریلیا کے شہر ایڈلیڈ، برسبن، سڈنی ،جیلونگ، ہوبارٹ، میلبرن اور پرتھ ٹی20 ورلڈکپ 2022 کی میزبانی کرینگے، ایونٹ 16 اکتوبر سے13 نومبر کےدرمیان کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ 2022 میں ٹوٹل 45 میچز کھیلے جائیں گے، ورلڈکپ کا فائنل 13 نومبر کو میلبرن کرکٹ گراونڈ میں ہوگا۔ سیمی فائنلز 9 اور 10 نومبر کو سڈی اور ایڈلیڈ میں منعقد ہوں گے۔

اس سال ٹی20 ورلڈکپ کا سپر 12 مرحلہ کھیلنے والی 12 ٹیموں میں سے 8 ٹیمیں آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں اور انہیں اس مرحلے میں داخلے کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ نہیں کھیلنا پڑے گا۔

ان ٹیموں میں میزبان آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، پاکستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، افغانستان اور بنگلادیش شامل ہیں۔

دوسری جانب 2 بار ٹی20 ورلڈکپ کی فاتح ویسٹ انڈیز اور 2012 کی چیمپئین سری لنکا کو آسٹریلیا میں ورلڈکپ راؤنڈ سے قبل کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا پڑے گا.

اپنا تبصرہ بھیجیں