آرمی چیف سے سعودی وزیر دفاع کے ملٹری ایڈوائزر کی ملاقات

سعودی وزیر دفاع کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ العتیبی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور افغان صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ 

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیر دفاع کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ العتیبی نے ملاقات کی۔ 
جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور افغان صورتحال پر بات چیت کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے امور بھی زیر غور آئے۔ 

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب سے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں نمایاں اہمیت ہے۔ 
جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کیلئے منظم امدادی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ افغانستان میں امن اور مصالحتی کوششوں کی خصوصی اہمیت ہے۔


سعودی وزیر دفاع کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ العتیبی نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ افغان صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں