یہ منہ اور مسور کی دال عدم اعتماد لائیں گے، شیخ رشیدکی اپوزیشن پر پھر تنقید

وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک بار پھر اپوزیشن کو نشانے پر رکھتے ہوئے کہا کہ نہ ہم جا رہے ہیں اور نہ آپ اس قابل ہیں کہ آرہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ منہ اور مسور کی دال عدم اعتماد لائیں گے۔

پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ اگر آپ قانون کو ہاتھ میں لیں گے تو ہم بھی آپ کو ہاتھ میں لیں گے، اگر کوئی ایسی غلطی کی جس کا جمہوری نقصان ہوا تو یہ ان کا نقصان ہو گا۔

واضح رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 23 مارچ کو اسلام آباد میں مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

اس حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کو اہم بین الاقوامی شخصیات پاکستان آ رہی ہیں، اپوزیشن اپنا لانگ مارچ آگے پیچھے کر لے۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے 25 جنوری کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے سمیت تمام آپشنز پر غور کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں