متحدہ عرب امارات اور ترکی نے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور صدر رجب طیب ایردوآن کی ملاقات کے موقع پر دفاع اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق 13سمجھوتوں اور معاہدوں پر دست خط کیے ہیں۔
ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولو کے مطابق دونوں ملکوں کے حکام نے دفاع، صحت، ماحولیاتی تبدیلی، صنعت، ٹیکنالوجی، ثقافت، زراعت، تجارت، معیشت، امورنوجواناں، نقل وحمل، آفات کا انتظام، موسمیات، مواصلات اورآرکائیو کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور روابط کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں اور سمجھوتوں پر دست خط کیے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب ایردوآن 2013 کے بعد متحدہ عرب امارات کے اپنے پہلے دوروزہ دورے پر پیرکو ابوظبی پہنچے تھے۔انھوں نے ترکی سے اڑان بھرنے سے قبل اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔
یواے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق ابوظبی کے صدارتی محل قصرالوطن میں دونوں رہ نماں کے درمیان ملاقات ہوئی ہے اور انھوں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
دونوں رہنماوں نے اس بات پر زوردیا کہ ترکی اور یو اے ای خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے اور درپیش بحرانوں کے پرامن حل کی کوششوں کی حمایت کے حوالے سے ایک جیسا وژن رکھتے ہیں۔
ابوظبی کے ولی عہد نے کہا کہ تین ماہ قبل ان کے ترکی کے دورے کے موقع پردونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی شراکت داری کو بحال کرنے اور فروغ دینے کی اساس فراہم کی تھی۔
انھوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات مذاکرات، مشاورت اور سفارتی حل کے ذریعے خطے کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ترکی کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔