کراچی میں رکشہ ڈرائیور کی حاضر دماغی سے بچوں کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

شہر قائد میں رکشہ ڈرائیور کی حاضر دماغی نے 5 بچوں کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق سعید آباد نیول کالونی سے اغوا ہونے والے ایک ہی خاندان کے 5 بچوں کو رکشہ ڈرائیور سعید اللہ کی مدد سے اتحاد ٹاؤن کے علاقے سے بازیاب کرالیا گیا ہے جبکہ اغواکار فہیم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بچوں کو اغوا ہونے سے بچانے میں مدد کرنے والے رکشہ ڈرائیور سعید اللہ کا کہنا ہے کہ ملزم نے بچوں کو مدرسے سے واپسی پر یہ کہہ کر اغوا کیا کہ وہ ان کے والد کا دوست ہے اور بچوں کو ان کے ماموں کے گھر پہنچا دے گا۔رکشہ ڈرائیور کا بتانا ہے کہ ملزم نے بچوں کو رکشے میں بٹھایا اور رکشہ کہیں روکنے کے بجائے آگے چلتے رہنے کا کہتا رہا۔

رکشہ ڈرائیور کے مطابق، ملزم بچوں کو بٹھا کر رکشہ مختلف جگہوں پر گھماتا رہا، جب مجھے شک ہوا تو ملزم نے پوچھنے پر بتایا کہ میرے اپنے بچے ہیں انہیں ماموں کے پاس لےکر جا رہا ہوں، میرا شک یقین میں بدلا تو بچوں سے والدین کا نمبر لے کر ان سے رابطہ کیا، انہوں نے اغواکار کو پہچان لیا اور پولیس کو اطلاع دے کر ملزم کو گرفتار کروا دیا۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سعید آباد نیول کالونی سے بازیاب کروائے گئے بچوں کو والدین کے حوالے کر دیاگیا ہے، بازیاب کروائے گئے بچوں میں 2 لڑکیاں اور 3 لڑکے ( 10سالہ عارفہ اور نورین، 3 سالہ بلال، 6 سالہ محمد حسن اور 3 سالہ احسن)شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم فہیم نے بتایا کہ اس سے غلطی ہو گئی ہے، ملزم نے بیوی کو 3 ماہ قبل طلاق دے دی تھی اور وہ غلط نیت سے بچوں کو اغوا کرکے لے جا رہا تھا، ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں