ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بادلوں کا راج ہے جبکہ مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق شارہِ فیصل، پرانی سبزی منڈی، بہادر آباد، شہید ملت، گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے۔
آج شہر میں صبح سے موسم خوشگوار ہے جبکہ آسمان پر سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں۔
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق کمزور مغربی ہواؤں کی لہر ملک کے بالائی اور جنوب مشرقی بلوچستان اور سندھ سے گزر رہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ مغربی ہواؤں کی وجہ سے کواچی میں بادل ہیں جبکہ اس کے زیرِ اثر اسی طرح سے آج دو پہر دو بجے تک بوندا باندی اور ہلکی بارش وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔
چیف میٹرو لوجسٹ نے کہا کہ شام تک مطلع صاف ہونے کا امکان ہے جس کے بعد 9 فروری سے موسم سرد رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 17 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 15 سے 16 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران رات میں درجۂ حرارت 12 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
دن میں درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا اور ہوا 20 سے 22 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلے گی۔
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں کہر اور ہلکی دھند کی وجہ سے صبح سویرے حد نگاہ 2 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔