پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا شہر بھر میں چوری، ڈکیتی اور دیگر بد امنی کے واقعات پر تشویش کا اظہار

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے شہر بھر میں چوری، ڈکیتی اور دیگر بد امنی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی سرپرستی میں کراچی جرائم پیشہ عناصر کا گڑھ بن گیا ہے۔

صوبے کے سربراہ نے عوام کو کنگال کرنے کے بعد اب لٹیروں کو کھلی چھوٹ دیدی ہے۔ نالائق اعلی کی لاپرواہی اور غیر سنجیدگی شہریوں کیلئے وبال جان ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی کے امن کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزیدکہنا تھا کہ سندھ حکومت کا بس چلے تو منشیات فروشوں کو بھی سبسڈی دینا شروع کردیں۔

سندھ حکومت کی ناک کے نیچے منشیات کھلے عام بیچی جارہی ہے۔گزشتہ شب کورنگی میں پولیس اہلکار کو سرعام فائرنگ سے شہید کردیا گیا۔کراچی میں دن دہاڑے بینک لوٹے گئے جنہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔

شہریوں سے موبائل فونز، موٹر سائیکلیں،گاڑیاں ہزاروں کی تعداد میں چھین لی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے لوٹ جانے کے بعد ملزمان کیخلاف مقدمات بھی درج نہیں ہوتے۔کراچی کے عوام گھروں سے نکلنے سے خوفزدہ ہیں۔وفاقی حکومت سے کراچی کے امن کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کے بگڑتے ہوئے حالات پر قابو پانے کیلئے وفاق اپنا کردار ادا کرے۔ شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں