پاکستان اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے وزیر خارجہ لیوگی دے مایو کی وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہو ئے ۔

ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی مختلف جہتوں، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا گیا جبکہ دونوں وزرائےخارجہ نےپارلیمانی روابط کےفروغ پر اتفاق بھی کیا ۔

اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےاطالوی ہم منصب کواپنے حالیہ 4 ملکی دورے کے بارے آگاہ کیا جبکہ وزیرخارجہ نے جی ایس پی پلس،فیٹف پراطالوی وزیر خارجہ کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

شاہ محمود قریشی نے اٹلی کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔یورپی یونین،یو این سطح پر پاکستان،اٹلی میں مربوط اشتراک ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان یورپی ممالک سے افغان صورتحال پر رابطے میں ہیں، افغانستان میں رونما تبدیلیوں نے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق تمام اندازے،پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئیں، طالبان قیادت کی جانب سے آنے والے بیانات حوصلہ افزا ہیں اور اس وقت عالمی برادری کو افغانستان کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ امن مخالف عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنا ہوگی کیونکہ افغانستان میں قیام امن کا فائدہ خطے کو یکساں طور پر ہوگا۔

ملاقات میں اطالوی وزیرخارجہ نے افغانستان سےانخلاکےعمل میں معاونت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاشکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں