اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے حکومت کو چند دنوں کا مہمان قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو ہٹانے کا طریقہ کار بھی جلد سامنے آجائےگا ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آیا کہ وفاقی وزیرداخلہ کو ہاتھ سرپرہونے کی بات کہنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
انہوں نے کہا کہ وزراء عمران خان کے منہ پر ان کی بے عزتی کررہےہیں، قومی اسمبلی اور کابینہ میں ارکان کھڑے ہوکر ان کی نااہلی کے خلاف باتیں کررہےہیں، وزراء کے بیانات سے ظاہر ہےکہ ان کا انجام قریب ہے۔
ن لیگ میں بغاوت کے دعوؤں کو حکومت کی نااہلی اور نالائقی سے توجہ ہٹانے کا ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے مریم نےکہاکہ ن لیگ آگ کے دریا سے گزر کر آئی ہے، ڈرانے، دھمکانے، لالچ اور بدترین انتقام کے باوجود ن لیگ کا ایک ایک ایم این اے اور ایم پی اے چٹان کی طرح کھڑا رہا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جب بھی اس حکومت کے دور میں کوئی سانحہ ہوا ذمہ دارعوام کو ٹھہرایا گیا، سانحہ مری میں بھی حکومت نے ایسا ہی کیا۔