غیر قانونی طور پر افغانستان سے فرار ہونے والے درجنوں افراد گرفتار

طالبان نے غیر قانونی طور پر افغانستان سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان طالبان کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طورپر افغانستان سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے درجنوں افراد کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جس میں خواتین بھی شامل ہیں۔

طالبان رہنما نے کہا کہ یہ افراد گزشتہ روز فضائی سفر کے ذریعے غیر قانونی طور پر فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے جو اب ہماری تحویل میں ہیں اور خواتین کو تب تک نہیں چھوڑا جائے گا جب تک ان کے رشتہ داروں میں کوئی مرد انہیں لینے نہیں آجاتے

خیال رہے گزشتہ سال اگست میں امریکی افواج کے اچانک انخلاء اور طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد ہزاروں افغانی کابل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے اور اس حوالے سے خصوصی فلائٹس بھی چلائی گئی تھیں تاکہ وہ مختلف غیرملکی اداروں کے ساتھ کام کرنے والے افغانیوں کو کابل سے نکال سکیں۔

دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس گروپ نے افغانستان کے شہر مزار شریف سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی، غیر قانونی طور پر ملک سے فرار ہونے والوں میں 40 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان طالبان نے کہا کہ گرفتار کیے گئے اکثر افراد کو رہا کردیا گیا ہے تاہم خواتین اب تک ہماری تحویل میں ہیں کیوں کہ ان کے مرد رشتہ دار اب تک انہیں لینے نہیں آئے۔

ایک رپورٹ کے مطابق مزار شریف سے اس فلائٹ کا بندوبست کس کی جانب سے کیا گیا تھا، یہ تفصیلات اب تک سامنے نہیں آسکیں البتہ طالبان حکومت اس حوالے سے تحقیقات کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں