سینیٹ میں فیصل واوڈا کی خالی نشست پر الیکشن کااعلان

الیکشن کمیشن نے سینیٹ میں فیصل واوڈا کی خالی نشست پر الیکشن کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی شیڈول جاری کر دیا۔

انتخابی شیڈول کے مطابق پولنگ 9مارچ کو سندھ اسمبلی کی عمارت میں ہوگی۔

کاغذات نامزدگی 17 سے 19 فروری تک جمع کرائے جا سکیں گے، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 21فروری کو جاری کی جائے گی اور امیدواروں کی حتمی فہرست 3مارچ کو جاری ہوگی۔

پولنگ 9مارچ کو صبح 9بجے سے شام 4بجے تک ہوگی۔

دوسری جانب، اسلام آباد ہائی کورٹ میں فیصل واوڈا کی نااہلی کا فیصلہ چیلنج کرنے کی سماعت ہوئی، جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ فیصل واوڈا کے وکیل وسیم سجاد عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

وسیم سجاد نے دلائل دئیے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشست پر فیصلہ دیا اور62 ون ایف کے تحت فیصلہ سنایا۔

فیصل واوڈا کے وکیل وسیم سجاد نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت کے سامنے پڑھ کر سنایا۔ انھوں نے کہا کہ فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی کے تھے اور وہ اسمبلی کی نشست چھوڑ کر سینیٹر بن چکے تھے، الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں کہ وہ نا اہلی کا آرڈر جاری کرے اور الیکشن کمیشن کوئی کورٹ آف لاء نہیں ہے۔

وسیم سجاد نے کہا کہ الیکشن کمیشن 62ون ایف کے تحت فیصلہ نہیں دے سکتا،سپریم کورٹ کے فیصلے ہیں کہ الیکشن کمیشن ایسا فیصلہ نہیں کرسکتا اور فیصل واوڈا نے سپریم کورٹ احکامات کی روشنی میں بیان حلفی جمع کروایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں