سعودی عرب میں ماسک نہ پہننے پر سخت سزا کا حکم

ریاض: سعودی حکومت نے ماسک نہ پہننے پر سخت سزا دینے کے احکامات جاری کر دیئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اور اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

سعودی عرب نے ماسک نہ پہننے پر سخت سزا مقرر کر دی ہے جس کے لیے تمام شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ماسک کی پابندی کی تاکید کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ماسک نہ پہننا یا ناک اور منہ کو نہ ڈھانکنا خلاف قانون ہے اور بصورت دیگر اس خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری پیغام میں کہا ہے کہ ماسک نہ پہننے کی غلطی دہرانے پر سزا دگنی دی جائے گی اور جرمانہ بھی ایک لاکھ  ریال تک ہوسکتا ہے۔

محکمہ پاسپورٹ نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ، وبا کو پھیلنے سے روکنے، اپنی اور دوسروں کی صحت و سلامتی کے تحفظ کے لیے ماسک کی مسلسل پابندی کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں