سعودی عرب نے 12 سے 17 سال تک عمر کے بچوں اور بالغوں کو لگانے کے لیےماڈرنا کی کووِڈ-19 کی ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ماڈرناکمپنی نے مملکت کی خوراک اورادویہ اتھارٹی کو اپنی تیارکردہ ویکسین کی منظوری کے لیے باضابطہ درخواست دی تھی۔اس کا جائزہ لینے کے بعد اتھارٹی نے مذکورہ عمر کے گروپ کے لیے اس ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ۔
کمپنی نے اپنی درخواست کے ساتھ ویکسین کی کلینکی جانچ سے متعلق ڈیٹا بھی مہیا کیا تھا اور اس میں کلینکی مطالعات اور رپورٹس کی بنا پر کہا گیا تھا کہ یہ ویکسین خصوصی ریگولیٹری تقاضوں کے عین مطابق اور محفوظ ہے۔بیان کے مطابق مطالعات سے یہ ظاہرہوا ہے کہ ماڈرنا کی ویکسین کے مخصوص عمرگروپ کے لیے فوائد ممکنہ خطرات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں اور یہ 12 سے 17 سال کی عمر کے بچوں اوربالغوں پر استعمال کے لیے محفوظ ہے۔
سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے ایک روز قبل ہی ویکسین نہ لگوانے والے طلبہ کے نجی اور سرکاری اسکولوں میں داخلے پر پابندی عاید کرنے کا اعلان کیا ہے۔جن طلبہ وطالبات نے ابھی تک منظورشدہ کسی بھی ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لگوائی ہیں،انھیں غیرحاضر شمار کیا جائے گا۔سعودی عرب میں نئے تعلیمی سال کا 29 اگست سے آغاز ہوگا۔