سانحہ گوجرانوالہ: اوگرا رپورٹ میں وین کا سلنڈر غیر معیاری قرار

گوجرانوالہ میں حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین کے غیر معیاری سی این جی سلنڈرز میں ایل پی جی بھروائی گئی تھی جس کے سبب زیادہ نقصان ہوا۔

اوگرا کی رپورٹ کے مطابق وین میں غیر معیاری سلنڈر استعمال کیا گیا اور وین میں سلنڈر لگاتے وقت احتیاطی تدابیر نظر انداز کی گئیں جب کہ سلنڈر لگاتے وقت حفاظتی اقدامات بروئے کار نہیں لائے گئے۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری آتھارٹی (اوگرا) کی ٹیم نے حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ کمرشل گاڑیوں پر ایل پی جی اور سی این جی کے استعمال پر پابندی ہے لہٰذا اس پابندی کو بھی ملحوظ نہیں رکھا گیا۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ کمرشل گاڑیوں کو سرٹیفکیٹ دینے کا عمل شفاف بنایا جائے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا ٹیم نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ اعلیٰ حکام کے خوالے کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا نے مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی ہے۔

واضح رہے کہ گوجرانوالا میں وین میں گیس سلنڈر پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے جس میں تین بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں