بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں آتشزدگی کے نتیجے میں 400 مکانات جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔
ڈھاکا کے فائر بریگیڈ افسر شاہ جہان سکڈر کے مطابق کلیان پور کے بلتالا محلّے میں مقامی وقت کے مطابق رات پونے 9 بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آتشزدگی کے نتیجے میں 400 گھر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کا مزید کہنا ہے کہ 14 فائر انجن کی سرتوڑ جدوجہد کے بعد دو گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔
فائر حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے جبکہ علاقے کے رہائشیوں کے مطابق قریب میں گیس سلینڈر ڈپو موجود ہے اور آگ وہاں سے شروع ہوئی تھی۔
آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔