بلوچستان میں گن پوائنٹ پر بس اغوا کرلی گئی ۔ مسلح افراد مسافروں کے سامان سمیت بس بھی ساتھ لے گئے ۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے معروف تفریحی مقام سلیازہ میں مسافروں سے بھری بس کو اغوا کرلیا گیا ہے ۔ بس کوئٹہ سے براستہ ژوب خیبر پختونخواہ جارہی تھی ۔
لیویز ذرائع کے مطابق مسافر بس کے سوار افراد سلیازہ کے مقام پر ہوٹل میں کھانا کھانے کے لئے رکے تھے ۔ کھانا کھانے کے دوران ہوٹل میں متعدد مسلح افراد داخل ہوگئے اور انہوں نے گن پوائنٹ پر تمام مسافروں کو دوبارہ بس میں بٹھا کر ڈرائیونگ سیٹ خود سنبھال لی ۔
لیویز حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد مسافروں سے بھری بس کو کسی نامعلوم مقام پر لے گئے ہیں ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور لیویز کی بھاری نفری سلیازہ پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی۔
بس کی تلاش میں اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق بس میں 50 سے زائد افراد سوا رہیں ۔