اے این ایف نے کراچی پورٹ پر کارگو سے 360 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی

کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی بندرگاہ ٹرمینل پر چھاپہ مار کر 360 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر اے این ایف نے بندرگاہ پر چھاپہ مار کر برطانیہ کے لیے بک کیے گئے کارگو کے کنٹینرز سے 360 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

ترجمان کے مطابق کنٹینرز کو تحویل میں لے کر کنٹینرز میں موجود سامان کی اچھی طرح تلاشی لی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ کارگو کی تلاشی کے دوران 1200 سینیٹری پائپ مشتبہ پائے گئے۔

ترجمان کے مطابق تلاشی کے دوران ہر پائپ میں چھپائی گئی 300 گرام ہیروئن برآمد ہوئی جس کی کل مقدار 360 کلو گرام تھی۔

ترجمان نے کہا کہ یہ کنٹینر کراچی کی ایک کمپنی نے برطانیہ میں نارتھ آئرلینڈ میں پہنچانے کے لیے بھیجا تھا۔

اے این ایف نے جرم کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں