واٹس ایپ صارفین اب ’Voice Notes‘ بھی اسٹیٹس پر لگا سکیں گے

دُنیا کی مقبول ترین میسجنگ سروس واٹس ایپ کو اب ایک نئے فیچر پر کام کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے جس میں صارفین کو اپنے ’Voice Notes‘ اسٹیٹس پر لگانے کی اجازت ہو گی۔

واٹس ایپ اپنے صارفین کو بہتر تجربہ فراہم کرنے کے لیے بہت سے نئے فیچرز پر کام کر رہا ہے، موجودہ سیٹ اپ صارفین کو صرف تصاویر اور ویڈیوز کو اسٹیٹس کے طور پر پوسٹ کرنے کی اجازت دیتا ہے لیکن واٹس ایپ کا آنے والا فیچر اب صارفین کو اپنے آڈیو نوٹس بھی اسٹیٹس پر شیئر کرنے کی اجازت دے گا۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ واٹس ایپ بِیٹا انفو (WABetaInfo) کے مطابق واٹس ایپ آخرکار اسٹیٹس میں وائس نوٹ سپورٹ شامل کرے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے طور پر شیئر کیے گئے وائس نوٹ کو ’وائس اسٹیٹس‘ کہا جا سکتا ہے۔

واٹس ایپ بِیٹا انفو نے اس فیچر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں اسٹیٹس پر وائس نوٹ سپورٹ کی فعالیت کی وضاحت کی گئی ہے۔

اسٹیٹس ٹیب کے نیچے موجود نئے آئیکن کے ذریعے اسٹیٹس اپ ڈیٹ پر فوری طور پر وائس نوٹ بھیجا جا سکے گا۔

یہ وائس نوٹ صرف ان لوگوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا جنہیں آپ اپنی اسٹیٹس پرائیوسی سیٹنگز کے اندر منتخب کرتے ہیں۔

فیچر تیار ہو رہا ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اسے بیٹا ٹیسٹرز کے لیے کب جاری کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں