استعمال شدہ پلاسٹک کی بوتلیں اور تھیلیاں لائیں‌بدلے میں‌پیٹرول لے جائیں

اگر آپ بھارتی ریاست راجستھان کے بلوارا ضلع کے رہائشی ہیں تو آسان طریقے سے سستا پیٹرول حاصل کرسکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوارا میں قائم چھانگا بگتاورمال نامی پیٹرول پمپ کے مالک اشوک کمار مندرا نے پلاسٹک کے باعث پھیلنے والی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ایک منفرد مہم کا آغاز کیا ہے۔

اس مہم کے تحت کوئی بھی شہری استعمال شدہ پلاسٹک کی تھیلی اور بوتلیں جمع کرواکر ایک روپے لیٹر سستا پیٹرول اور 50 پیسے لیٹر سستا ڈیزل حاصل کرسکتا ہے۔

پیٹرول پمپ کے مالک نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’اگر کوئی شخص ایک لیٹر دودھ کا ایک، آدھے لیٹر دودھ کے 2 اور ساتھ میں ایک لیٹر خالی بوتل دے تو ہم اسے ایک روپے لیٹر سستا پیٹرول اور 50 پیسے لیٹر سستا ڈیزل فراہم کرتے ہیں جب کہ اس مہم کا آغاز 15 جولائی سے 3 ماہ کے لیے کیا گیا ہے۔

پیٹرول پمپ کے مالک کے مطابق ابھی لوگوں میں معلومات کی کمی کے باعث اچھا فیڈبیک نہیں مل رہا لہٰذا ممکنہ طور پر اس مہم کو مزید 6 ماہ جاری رکھیں گے۔

پیٹرول پمپ کے مالک کا کہنا ہے کہ اب تک 700 پلاسٹک بیگ جمع کرلیے گئے ہیں جب کہ ہمارا مقصد 10 ہزار بیگ جمع کرنا ہے جس کے ذریعے شہر کو پولیتھین پلاسٹک فری شہر بنایا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں