شان مسعود کی قومی ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر مداح ناراض

بائیں ہاتھ کے بلے باز شان مسعود کو فارم میں ہونے کے باوجود نیدرلینڈز کے خلاف ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2022 کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں نیدرلینڈز کے خلاف ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2022 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

قومی اسکواڈ میں مایہ ناز فاسٹ بولر حسن علی کو ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ دونوں اسکواڈ میں نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے، سلمان علی آغا کی بھی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

تاہم دونوں اسکواڈ میں شان مسعود کو باہر کرنے پر شائقین برہم ہیں، شان مسعود جو ٹیسٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں لیکن انہیں آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف کھیلنے تک کا بھی موقع نہیں ملا تھا۔

بائیں ہاتھ کے کھلاڑی پاکستان سپر لیگ 2022 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے تیسرے کھلاڑی ہیں جبکہ وہ جاری کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ 2022 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں بھی شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے اعلان کے بعد شان مسعود کی سلیکشن نہ ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ شان مسعود 25 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے 1378 رنز ٹیسٹ اور ون ڈے میں 111 رنز اسکور کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں